میڈیاسنٹر وفاق المدارس العربیہ پاکستان
لاہور/اسلام آباد(نیشنل ٹائمز): دینی مدارس کے سب سے بڑے،قدیم اور منظم نیٹ ورک وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کو بلامقابلہ صدر منتخب کر لیا،مولانا انوار الحق سینئرنائب صدر اور مولانا محمد حنیف جالندھری حسب سابق جنرل سیکرٹری ہوں گے،مولانا فضل الرحمان نے مفتی محمد تقی عثمانی کا نام پیش کیا جس کی تمام اراکین نے کھڑے ہوکرتائیدکی،وفاق المدارس کے نومنتخب صدرشیخ الاسلام مولانا مفتی محمد تقی عثمانی عالم اسلام کی معروف اور ممتاز علمی شخصیت ہیں، 27 اکتوبر 1943 کو بھارت کے ضلع سہارنپور کے قصبہ دیوبند میں پیدا ہوئے، آپ تحریک پاکستان کے عظیم رہنما اور مفسر قرآن مفتی محمد شفیع کے صاحبزادے ہیں، 1980 سے 1982 تک وفاقی شرعی عدالت اور 1982 سے 2002 تک سپریم کورٹ کے شریعت ایپلیٹ بینچ کے جج رہے، آپ بین الاقوامی اسلامی فقہ اکیڈمی جدہ کے نائب صدر، 8 اسلامی بینکوں کے شرعی مشیر،دارالعلوم کراچی کے شیخ الحدیث اور نائب مہتمم ،مجلہ البلاغ کے مدیر اعلٰی بھی ہیں، 2020 میں حکومت پاکستان نے مفتی محمد تقی عثمانی کو اعلٰی ترین سول اعزاز ستارہ امتیاز عطا کیا،سلطنت عمان کے عالمی اسلامی تحقیقی ادارے المجمع الملکی للبحوث الاسلامیہ نے 2020 اور 2021 کی اسلامی دنیا کی بااثر ترین شخصیت قرار دیا، اسکے علاوہ بھی دنیا کے مختلف ممالک میں انہیں ایوارڈز اور اعزازات سے نوازا گیا، 2019 میں روس میں اعزازی طور پر انہیں علمی خلعت زیب تن کروائی گئی، مفتی محمد تقی عثمانی نے دارالعلوم کراچی سے درس نظامی، پنجاب یونیورسٹی سے عربی ادب میں ماسٹر اور کراچی یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی، آپ کئی شہرہ آفاق کتابوں کے مصنف بھی ہیں، آپ کے استاد اور دارالعلوم کراچی کے شیخ الحدیث مفتی سحبان محمود نے آپ کو شیخ الاسلام کا لقب عطا کیا،آپ اسلامی نظریاتی کونسل کے بانی ارکان میں سے ہیں،ضیاء دور میں حدود آرڈیننس کی تیاری میں بھی آپ نے اہم کردار ادا کیا ،آپ نے بطور جج کئی اہم فیصلے بھی کئے جن میں سود کو غیر اسلامی قرار دے کر اس پر پابندی کا فیصلہ مشہور ہے 2002 میں اسی فیصلے کی وجہ سے پرویز مشرف نے آپ کو عہدے سے برطرف کر دیا تھا، آپ نے سودی نظام کے خاتمے کیلئے کئی سفارشات بھی پیش کیں،مفتی محمد تقی عثمانی نے اسلامی بینکاری کا ایسا نظام وضع کیا جو عصر حاضر کے تمام معاشی تقاضوں کو پورا کرتا ہے، آپ کئی اسلامی مالیاتی اداروں کی اکاؤنٹنگ اور آڈیٹنگ آرگنائزیشن کے چیئرمین بھی ہیں، 1974 کی تحریک ختم نبوت میں بھی آپ نے اہم کردار ادا کیا اور مولانا سمیع الحق مرحوم کے ساتھ مل کر ایک دستاویز تیار کی جو پارلیمنٹ میں پیش کی گئی، آپ کے دو بیٹے عمران اشرف عثمانی اور حسان اشرف عثمانی ہیں،مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد رفیع عثمانی، اردو کے مشہور شاعر محمد زکی کیفی اور سیرت النبی صل اللہ علیہ وسلم پر غیر منقوط کتاب ہادی عالم کے مصنف مولانا محمد ولی رازی آپ کے بھائی ہیں-
جاری کردہ: عبدالقدوس محمدی مرکزی میڈیا سنٹر وفاق المدارس العربیہ پاکستان



