امریکہ کے مشہور اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے چائنہ کی معاشی نمو کے حوالے سے کہا ہے کہ 2020 میں معاشی نمو حاصل کرنے والا واحد ملک ہے، چین کی معیشت کے حوالے سے وال اسٹریٹ جرنل نے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلی بار چینی معیشت کا حجم 100 ٹریلین یوآن سے بھی بڑھ گیا ہے۔
بعد ازاں اپنے ملک کی معیشت کا حجم 100 ٹریلین یوآن سے بڑھ جانے کے حوالے سے چین کے قومی دفتر اطلاعات نے ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا تھا کہ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق چینی جی ڈی پی کی مالیت 2019 کی نسبت 2.3 فیصد کے اضافہ کے بعد 2020 میں 101.5986 ٹریلین یوآن تک جا پہنچی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سال 2019 کے مقابلے میں سال 2020 میں معمول کی تجارت میں درآمدات و برآمدات کی مالیت کا حصہ کل درآمدات و برآمدات میں 0.9 فیصد کے اضافے کے ساتھ 59.9 فیصد رہا ہے، جس نے ملکی معیشت کے حجم میں اضافے میں مدد دی ہے۔
دوسری جانب تجزیہ نگاروں کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی عالمی وبا کے اثرات کے باعث عالمی منڈی میں طبی مصنوعات اور گھر سے دفتری امور انجام دینے سے متعلق مصنوعات کی مانگ میں اضافے کی وجہ سے سال 2021 میں بھی چینی مصنوعات کی برآمدات میں مسلسل اضافے کی توقع ہے۔



