اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے والے شہزادہ ہیری نے افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد فوج کی حوصلہ افزائی کے لیے بیان جاری کردیا ہے۔شہزادہ ہیری کو برطانوی فوج میں اپنے 10 سالہ دور میں دو دفعہ افغانستان میں تعینات کیا گیا تھا، انہوں نے طالبان کے کابل پر قبضےکے بعد فوجیوں کو ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی ترغیب دی ہے۔افغانستا ن پر طالبان کےقبضے کے بعد انویکٹس گیمز کے سی ای او ڈومینک ریڈ کے ساتھ ایک مشترکہ بیان میں ، ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری نے فوجیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ایک دوسرے کی مدد کرنےکا کہا ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں جو کچھ ہورہا ہے وہ بین الاقوامی انویکٹس کمیونٹی میں گونج رہا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ’انویکٹس گیمز فیملی میں حصہ لینے والی بہت سی قومیں اور حریف گذشتہ دو دہائیوں سے افغانستان میں خدمات انجام دینے کے مشترکہ تجربے سے جڑے ہوئے ہیں، اور کئی سالوں تک ہم نے انویکٹس گیمز ٹیم افغانستان کے ساتھ مقابلہ کیا ہے۔‘بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ہم انویکٹس نیٹ ورک کے ہر فرد کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور وسیع فوجی برادری کو ایک دوسرےکا ساتھ دینے اور ایک دوسرے کی مدد کی پیشکش کرتے ہیں۔‘خیال رہے کہ انویکٹس گیمز عالمی وبا کورونا کی وجہ سے دو سال کے لیے ملتوی کردیا گیا ہےاور اگلا مقابلہ اگلے سال ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں منعقد کیا جائے گا۔
شہزادہ ہیری کا افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد فوج کیلئے پیغام



