اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)سول ایوی ایشن اتھارٹی کی سیگریگیشن کسی صورت قبول نہیں۔ سول ایوی ایشن کی تقسیم نجکاری کی جانب پہلا قدم ہے۔ حکومت آئی ایم ایف کی ایماء پر اس نجکاری سے ہزاروں ملازمین کو سول ایوی ایشن سے نکالنے کی تیاری کر چکی ہے۔ اس معاشی دہشت گردی کو کسی صورت میں تسلیم نہیں کیا جائے گا اور ملازمین اس کو روکنے کی خاطر کسی بھی قسم کی جانی و مالی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ریاستی اداروں کا تحفظ ملازمین کی اولین ترجیح ہے۔ (آل پاکستان ایمپلائز پنشنرز و لیبر تحریک)ان خیالات کا اظہار سول ایوی ایشن ایمپلائز یونیٹی یونین کے مرکزی صدر شیخ خالد محمود، محمد عمران مرکزی نائب صدر اور ایمپلائز یونیٹی پشاور کے صدر گل تیمور خان پر مشتمل وفد نے رہبر تحریک محمد اسلم خان سے خصوصی ملاقات میں کیا۔ محمد اسلم خان، مرکزی رہبر آل پاکستان ایمپلائز پنشنرز و لیبر تحریک نے سول ایوی ایشن ایمپلائز یونیٹی کے وفد کو مکمل یقین دہانی کرائی کہ اگر حکومت آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے سول ایوی ایشن کی تقسیم کی جانب قدم اٹھاتی ہے تو ہم سول ایوی ایشن کے ملازمین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے اور ان کے احتجاج اور جدوجہد میں بھرپور طور پر عملی شرکت کریں گے۔ ملاقات کے دوران میونسپل لیبر یونین(CBA) میٹرو پولیٹن کارپوریشن راولپنڈی کے سرپرست اعلیٰ راجہ عبد المجید، اوجی ڈی سی ایل اتحاد یونین (CBA)کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری چوہدری عنصر ایوب وڑائچ، آل گورنمنٹ ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل خیبرپختونخوا کے صوبائی چیئرمین حاجی ریاض خان، پی ٹی یو ڈی سی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری و کوآرڈینیٹر لیبر تحریک ڈاکٹر چنگیز ملک، آل گورنمنٹ ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل خیبرپختونخوا کے صوبائی پریس سیکرٹری شاہد مغل، ایپکا خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر محمد سریر، ایپکا خیبرپختونخوا کے صوبائی جنرل سیکرٹری جبران اسلم اور راجہ عمران مرکزی نائب صدر ریلوے لیبر یونین بھی موجود رہے جنھوں نے سول ایوی ایشن کے قائدین کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کی احتجاجی تحریک میں عملی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی سیگریگیشن کسی صورت قبول نہیں



