اسلام آباد (نیوزڈیسک)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم نے وفاقی تعلیمی اداروں میں بھی پنجاب کے ساتھ یکم جولائی سے گرمیوں کی چھٹیاں دینے کی سفارش کر دی، کمیٹی نیوزارت تعلیم کے تمام اداروں کے بجٹ کی تفصیلات طلب کر لیں جبکہ گزشتہ سال یونیورسٹیوں کو فراہم کیئے فنڈز سے متعلق تفصیلات بھی مانگلیں، کمیٹی نے وزارت تعلیم کے ماتحت اداروں کے کام، بجٹ اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیئے ذیلی کمیٹی بنادی،ذیلی کمیٹی ایک ہی جیسے کام کرنے والے وزارت تعلیم کے ماتحت اداروں کے انضمام سے متعلق سفارشات بھی تیار کرے گی۔بدھ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر عرفان الحق صدیقی کی صدارت میں ہوا،اجلاس میں وزارت تعلیم حکام نے وزارت تعلیم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی،کمیٹی نے وزارت تعلیم کے تمام ماتحت اداروں کے بجٹ کی تفصیلات طلب کر لیں،اجلاس میں یکساں قومی نصاب کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، رکن کمیٹی سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ یکساں قومی نصاب کو پارلیمنٹ میں لے آئیں اس پر بحث ہونی چاہیئے، رکن کمیٹی سینیٹر فوزیہ ارشد نے کہا کہ ہمیں کوشش کرنی چاہیئے کہ تعلیم کے لیئے اور بجٹ مانگیں، چیئرمین کمیٹی سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے کہا ایچ ای سی سے متعلق کمیٹی کا ایک الگ اجلاس منعقد کریں گے اس کے بہت سے مسائل ہیں، ایچ ای سی حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ 2021 کے آرڈیننس میں چیئرمین کے عہدے کی چار سال کی مدت کو دو سال کر دیا گیاہے۔کمیٹی نے گزشتہ سال یونیورسٹیوں کو فراہم کیئے فنڈز سے متعلق تفصیلات بھی طلب کرلیں،چیئرمین کمیٹی نے وزارت تعلیم کے ماتحت اداروں کے کام، بجٹ اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیئے ذیلی کمیٹی بنا دی ،ذیلی کمیٹی ایک ہی جیسے کام کرنے والے وزارت تعلیم کے ماتحت اداروں کے انضمام سے متعلق سفارشات بھی تیار کرے گی، ذیلی کمیٹی کے کنوینر سینیٹر مشتاق احمد ہوں گے جبکہ سینیٹر فوزیہ ارشد اور سینیٹر جام مہتاب کمیٹی کے رکن ہوں گے۔کمیٹی اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی نے وفاقی تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ پندرہ 16 جولائی سے چھٹیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہاں بجلی نہیں ہے، لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے چھوٹے بچوں کے لیئے مشکل نہیں ہو جائے گا؟کمیٹی نے حکومت کو فیصلے پر نظر ثانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وفاقی تعلیمی اداروں میں بھی پنجاب کے ساتھ یکم جولائی سے چھٹیاں دینے کی سفارش کر دی، اجلاس میں ہیریٹج اینڈ کلچر ڈویژن سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی،سیکرٹری ہیریٹج اینڈ کلچر ڈویژن نے کمیٹی کو بتایا کہ ہماری ٹوٹل 1460 منظور شدہ آسامیاں ہیں جن میں سے 1042 پر لوگ کام کر رہے ہیں جبکہ418 آسامیاں خالی ہیں ۔
سینیٹ قائمہ کمیٹی تعلیم کی وفاقی تعلیمی اداروں میں بھی یکم جولائی سے گرمیوں کی چھٹیوں کی سفارش



