اسلام آباد(نیشنل ٹائمز ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم امریکہ کے ساتھ اپنے طریقے سے تجارت کرنا چاہتے ہیں، مستقبل میں بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں اور وزیراعظم کہہ چکے ہیں کہ افغانستان میں جنگی فتوحات کے اعلانات شروع ہوئے تو سرحد سیل ہو گی، پاکستان پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، وزیر اعظم عمران خان کے انٹرویو نے امریکہ کے ساتھ تعلقات کی نئی جہت کا تعین کیا ہے، افغانستان سے متعلق اپنی سرزمین کسی کو استعمال نہیں کرنے دیں گے ،چین اور امریکہ دنیا کی دو بڑی اقتصادی طاقتیں ہیں ، پاکستان چین اور امریکہ کے درمیا ن تنا کم کرنے کے لیے تیار ہے، افغانستان میں استحکام کے لیے پاکستا ن موثر کردار ادا کر رہا ہے، پاک افغان سرحد کے 90 فیصد علاقے پر ہم باڑ لگا چکے ہیں،ہم افغانستان میں ایک مستحکم حکومت دیکھنا چاہتے ہیں ، افغانستان میں استحکام کے لیے پاکستان افغانیوں کی مدد کرنا چاہتا ہے۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا کہ امریکی جریدے کو دیے جانے والے انٹرویو میں وزیراعظم نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو تجارت کی نظر سے دیکھے ، وزیراعظم عمران خان ہندوستان کیساتھ بہترتعلقات کیلئے پر امید ہیں ،اگر ہندوستان سے ہمارے تعلقات ٹھیک ہوتے ہیں تو جغرافیائی لحاظ سے پاکستان دنیا کی دو بڑی منڈیوں بھارت اور چین کے درمیان اہمیت کا حامل ہوگا ،وزیراعظم عمران خان نے واضح طو رپرکہا ہے پاکستان کی سرحد امریکہ اور طالبان کو استعمال نہیں کرنے دیں گے ، افغانستان کی صورتحال خراب ہوتی ہے تو بارڈر مکمل بند کرنے کا بھی سوچ سکتے ہیں ،پاک افغان بارڈر پر 90فیصد باڑ لگانے کا کام مکمل ہوچکا ہے ،پورا بارڈر مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مستحکم حکومت چاہتے ہیں ، ہم نے طالبان کو امریکہ افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے پر آمادہ کیا ،افغانستان کا پر امن حل چاہتے ہیں ، افغان حکومت نے تمام متخارب دھڑکوں کو شامل کر کے مستحکم افغان حکومت بنائی ہے ، افغانستان میں استحکام پاکستان کیلئے اہم ہے ،وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کے حوالے سے اپنا موقف واضح کردیا۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان میں 1970میں امریکہ چین تناؤ کو کم کرنے کیلئے اہم کردارادا کیا تھا، ہم یہ کرداردوبارہ ادا کرنے کیلئے تیار ہیں ، امریکہ چین تعلقات بہتر ہونے سے پوری دنیا میں بہتری آئے گی ، دونوں بڑی اقتصادی طاقتیں ہیں ۔
افغانستان سے متعلق اپنی سرزمین کسی کو استعمال نہیں کرنے دیں گے، فواد چوہدری



