کمپالا(شِنہوا) یوگنڈا میں چینی برادری نے 29 سال قبل مشرقی افریقی ملک میں چینی امدادی منصوبے میں کام کرتے ہوئے جان کی بازی ہارنے والے 4 چینی ماہرین کے اعزاز میں تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا۔
یوگنڈا میں چینی سفارتخانے، چینی کاروباری کمپنیوں اور اداروں کے نمائندے یادگاری پتھر پر جمع ہوئے جس پر 4 ماہرین کے نام درج تھے۔ یہ پتھر یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا میں منڈیلا نیشنل سٹیڈیم کے شمال مشرقی کونے میں نصب ہے۔
1996 میں 4 چینی ماہرین چین کی مدد سے تعمیر ہونے والے قومی سٹیڈیم کے منصوبے پر کام کرتے ہوئے اندوہناک حادثے میں جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ ان میں ہوئے شنگ، کونگ ہوئی پھنگ، باؤ جن پھنگ اور وانگ گو روئی شامل تھے۔
یوگنڈا میں چینی سفارتخانے کے ناظم الامور فین شوئے چھینگ نے تعزیتی تقریب کی قیادت کی جس میں مزار کی صفائی اور موت کا شکار ہونے والے ماہرین کی یاد میں پھول چڑھانا شامل تھا۔ ناظم الامور نے چین-یوگنڈا تعلقات میں ان کی خدمات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
فین شوئے چھینگ نے کہا کہ اپنی مہارت اور انتھک محنت سے انہوں نے چین اور یوگنڈا کے درمیان عملی اور دوستانہ تعاون کی ابتدائی بنیاد رکھی۔ ان کے عظیم کارنامے چین-افریقہ دوستی کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے اور ان کا عالمگیریت کا جذبہ آئندہ کی نسلوں کو متاثر کرتا رہے گا جو ہمیں ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دیتا ہے۔
یوگنڈا میں چینی برادری کا قومی سٹیڈیم کے منصوبے میں جان گنوانے والوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد
