بیجنگ (شِنہوا) چین کے اول درجے کے شہروں میں مکانات کی قیمت میں جنوری کے دوران اضافے کا رجحان برقرار رہا جو فعال تجارت اور بہتر توقعات کی وجہ سے ملک کے جائیداد کے شعبے میں استحکام کی علامت ہے۔
قومی ادارہ شماریات کے بدھ کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق چین کے اول درجے کے 4 شہروں بیجنگ، شنگھائی، گوانگ ژو اور شین زین میں نئے اور استعمال شدہ مکانات کی قیمتوں میں گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 0.1 فیصد اضافہ ہوا۔
بحالی کا یہ رجحان بڑے شہروں کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی بڑھا ہے۔ دوئم درجے کے شہروں میں نئے مکانات کی قیمتوں میں جون 2023 کے بعد پہلا ماہانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو 0.1 فیصد اضافہ تھا۔ استعمال شدہ مکانات کی قیمتوں میں 0.3 فیصد کمی ہوئی۔
بڑے اور درمیانے درجے کے 70 شہروں میں سے 24 میں نئے مکانات کی قیمتوں میں گزشتہ ماہ کی نسبت اضافہ ہوا جبکہ 7 شہروں میں استعمال شدہ مکانات کی قیمت بڑھی۔
یہ اعداد و شمار مارکیٹ کی مسلسل رفتار کی جانب اشارہ کرتے ہیں جو گزشتہ برس کی آخری سہ ماہی سے مستحکم ہونا شروع ہوئی تھی، اس وقت حکام نے مارکیٹ سے مندی کے خاتمے اور اس شعبے میں استحکام کے لئے اقدامات کئے تھے۔
پالیسی سازوں نے اس شعبے کی معاونت کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں جن میں گروی رکھنے میں کٹوتی، درکار ابتدائی رقم میں کمی اور خریداری سے متعلق پابندیوں میں نرمی شامل ہیں۔
چین کی پراپرٹی مارکیٹ کا تجارت اور توقعات میں بہتری کے ساتھ فروغ
