قاہرہ (شِنہوا) چین کی سرمایہ کاری سے قائم کمپنی شین فنگ مصر نے مصر کی جنرل اتھارٹی برائے نہر سوئز اقتصادی علاقے (ایس سی زون) کے ساتھ ایک پیداواری کمپلیکس قائم کرنے کے لئے اراضی کے استعمال کے حقوق کا معاہدہ کیا ہے۔
مصری کابینہ نے ایک بیان میں کہا کہ معاہدے کے تحت شین فنگ مصر ایس سی زون کے عین سوخنا مربوط علاقے میں 37 لاکھ 50 ہزار مربع میٹر پر پھیلے پیداواری کمپلیکس کی تعمیر پر 1.65 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں مصری وزیراعظم مصطفیٰ مدبولی، نائب وزیراعظم اور وزیر ٹرانسپورٹ و صنعت کامل الوزیر، ایس سی زون جنرل اتھارٹی کے چیئرمین ولید جمال الدین اور دیگر مصری حکام نے شرکت کی۔
یہ کمپلیکس 5 سال کے دوران 2 مراحل میں مکمل کیا جائے گا جس میں 9 فیکٹریاں، ایک فضلے کو ٹھکانے لگانے کی ورکشاپ اور ایک تحقیق و ترقی اور تربیتی مرکز شامل ہوگا۔ اس کے تحت بنیادی طور پر گاڑیوں اور نقل و حمل کے پرزے، صنعتی مخصوص اور غیرمخصوص معیار کے پرزے تیار کئے جائیں گے۔
شین فنگ مصر کے چیئرمین تھیان ہائی کوئی نے کہا کہ پیداواری کمپلیکس سے 8 ہزار براہ راست ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے ۔یہ ٹرمینل صنعتی مصنوعات کی پیداوار اور گاڑیوں ، انجینئرنگ مشینری اور گھریلو مصنوعات جیسی ہائی ویلیو ایڈڈ صنعتوں پر توجہ مرکوز کرے گا۔
انہوں نے شِنہوا کو بتایا کہ اس سے نہ صرف مصرکی پیداواری صنعت کی مسابقت میں اضافہ ہوگا بلکہ بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ مقامی مہارتوں کو بہتر بنایا جائے گا اور برآمدی نمو کو فروغ ملے گا جو مصر کے ’’وژن 2030‘‘ کے اہداف سے انتہائی مطابقت رکھتا ہے۔
چینی کمپنی کا نہرسوئز اقتصادی علاقے میں 1.65 ارب امریکی ڈالر سے صنعتی کمپلیکس قائم کرنے کا منصوبہ
