لندن (شِنہوا) ویلز کی اول وزیر ایلونیڈ مورگن نے کہا ہے کہ ویلش حکومت نے چین میں تین دفاتر قائم کئے ہیں کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ چین سے سرمایہ کار آئیں اور دیکھیں کہ ہماری حکومت انہیں کیا کچھ مہیا کررہی ہے۔
مورگن نے شِنہوا کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ ویلز اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کام کررہا ہے کہ لوگ ایسی جگہ پر سرمایہ کاری کے مواقع کو تسلیم کریں جہاں کاروبار پر کوئی بندش نہیں ہے، اور جہاں ما ہر افرادی قوت اور اعلیٰ معیار زندگی فراہم کیا جاتا ہے۔
مورگن نے کہا کہ چینی معیشت میں حیرت انگیز چیزیں رونما ہورہی ہیں اور اس کے ساتھ ہی حیرت انگیز تحقیق بھی جاری ہے۔ مجھے یہ دیکھنے میں دلچسپی ہے کہ ہم ان مواقع پر کتنا اور کہاں مل کر کام کرسکتے ہیں۔
مورگن نے کہا کہ ہوا کے وسائل سے مالا مال خطے کی حیثیت سے ویلز میں ہوا کی توانائی میں ترقی کے لئے مضبوط صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگر قابل تجدید توانائی اور تجربات کی بات کی جائے تو چین خصوصی طور پر آ فشور فلوٹنگ ونڈ جیسی اشیا میں آگے بڑھ رہا ہے۔ بحیرہ سیلٹک میں اس شعبے میں ہمارے بڑے عزائم ہیں، اور وہاں تعاون کے لیے حقیقی مواقع موجود ہیں۔
ہم یہ دیکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں کہ کیا ہم ان تجربات سے سیکھ سکتے ہیں جو آپ پہلے ہی حاصل کر چکے ہیں۔
ویلش حکومت چینی سرمایہ کاروں کے دورے کی خواہش مند ہے، اول وزیر
