غزہ (شِںہوا) حماس کے زیر انتظام میڈیا آفس نے کہا ہے کہ جنوبی غزہ کی پٹی میں رفح گورنریٹ میں تقریباً 90 فیصد رہائشی مکانات اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں تباہ ہوچکے ہیں۔
میڈیا آفس کے جاری کردہ بیان کے مطابق گورنریٹ کو محصور فوجی آپریشن زون میں تبدیل کردیا گیا ہے،اس کا غزہ کی پٹی کے دیگر حصوں سے رابطہ منقطع ہے اور بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصانات سے بنیادی شہری سہولیات ، ضروری خدمات اور شہری رہائش گاہیں متاثر ہوئی ہیں جبکہ اسے خطے کی “جامع انسانی تباہی” سے تعبیر کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 50 ہزار سے زائد رہائشی یونٹس پر مشتمل 20 ہزار سے زائد عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں۔ اس کے علاوہ پانی کے 24 میں سے 22 کنویں غیر فعال ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں رہائشی پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔
میڈیا آفس کا مزید کہنا تھا کہ رفح میں 85 فیصد سے زائد نکاسی آب کے نظام کو نقصان پہنچا ہے جس سے بیماری کے ممکنہ پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
میڈیا آفس نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے درخواست کی ہے کہ وہ رفح گورنریٹ سے اسرائیل کے انخلاء پر زور دیں، بے گھر رہائشیوں کی واپسی میں سہولت فراہم کریں اور انسانی ہمدردی امداد کی محفوظ ترسیل یقینی بنائیں۔
بیان میں اسرائیل کی مبینہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے ساتھ ساتھ تعمیر نو کی فوری کوششوں کا بھی کہا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے رفح میں 90 فیصد گھر تباہ کردیئے، حماس
